حیدرآباد میں 6 ایم جی ڈی واٹر ٹریٹمنٹ پلانٹ کی منظوری، پانی کی فراہمی بہتر بنانے کا فیصلہ

Hyderabad water project: Murad Ali Shah approves 6 MGD plant, 22 acres land, clean water supply behtar banane ka plan

وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کی زیر صدارت حیدرآباد میں پانی کی فراہمی سے متعلق ایک اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں شہر میں واٹر ٹریٹمنٹ پلانٹ کے قیام اور پانی کے نظام کو بہتر بنانے کے منصوبے پر تفصیلی غور کیا گیا۔

اجلاس میں وزیر منصوبہ بندی و ترقیات و آبپاشی جام خان شورو، چیف سیکریٹری سندھ آصف حیدر شاہ، چیئرمین پلاننگ اینڈ ڈیولپمنٹ نجم شاہ، سیکریٹری خزانہ فیاض جتوئی، وزیراعلیٰ کے پرنسپل سیکریٹری آغا واصف عباس اور دیگر متعلقہ حکام نے شرکت کی۔

وزیراعلیٰ سندھ نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حکومت کا بنیادی مقصد تمام شہریوں کو صاف اور محفوظ پینے کے پانی کی فراہمی یقینی بنانا ہے، جو عوامی صحت اور بہتر معیار زندگی کے لیے ناگزیر ہے۔

اجلاس کو بریفنگ دیتے ہوئے وزیر منصوبہ بندی و ترقیات و آبپاشی جام خان شورو نے بتایا کہ قاسم آباد میں واٹر ٹریٹمنٹ پلانٹ کے قیام کا منصوبہ زیر غور ہے جس کا مقصد حیدرآباد میں پانی کی فراہمی کو بہتر بنانا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ حیدرآباد میونسپل کارپوریشن نے اس منصوبے کے لیے قاسم آباد میں اراضی کی الاٹمنٹ کی درخواست دی تھی، جس پر ضلعی حکام نے گوٹھ مصری شیخ میں تقریباً 25 ایکڑ سرکاری زمین کی نشاندہی کی ہے۔

بریفنگ میں مزید بتایا گیا کہ اس زمین میں سے 22 ایکڑ اے ون کیٹیگری میں آتی ہے جو فوری استعمال کے لیے موزوں ہے۔ وزیراعلیٰ سندھ کو آگاہ کیا گیا کہ حیدرآباد میں 6 ایم جی ڈی (ملین گیلن یومیہ) صلاحیت کا واٹر ٹریٹمنٹ پلانٹ تعمیر کیا جائے گا، جس سے پانی کی قلت پر قابو پانے میں مدد ملے گی اور شہر میں پانی صاف کرنے کی مجموعی صلاحیت میں نمایاں اضافہ ہوگا۔

وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے منصوبے پر فوری عملدرآمد کی ہدایت دیتے ہوئے 22 ایکڑ زمین کی منظوری دے دی اور متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ تمام قانونی اور انتظامی کارروائیاں تیزی سے مکمل کی جائیں تاکہ منصوبہ جلد از جلد شروع کیا جا سکے۔

انہوں نے پانی کے نظام کو بہتر بنانے کی فوری ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ عوام کو صحت مند اور صاف پینے کا پانی فراہم کرنا حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ حیدرآباد، قاسم آباد اور ملحقہ علاقوں میں پانی کی فراہمی کو مزید بہتر بنایا جائے۔

وزیراعلیٰ سندھ نے منصوبہ بندی و ترقیات کے محکمے کو ہدایت دی کہ منصوبے پر بروقت عملدرآمد یقینی بنایا جائے اور اس کی سخت نگرانی کی جائے۔ انہوں نے اراضی کے استعمال میں مکمل شفافیت یقینی بنانے کی بھی ہدایت کی۔

مراد علی شاہ نے کہا کہ یہ منصوبہ نہ صرف پانی کی فراہمی میں بہتری لائے گا بلکہ عوامی صحت، بہتر معیار زندگی اور پائیدار شہری ترقی کے لیے بھی اہم سنگ میل ثابت ہوگا۔ انہوں نے اس اقدام کو حیدرآباد کی ترقی اور شہریوں کی فلاح و بہبود کے لیے ایک اہم قدم قرار دیا۔

کوئی تبصرے نہیں

تقویت یافتہ بذریعہ Blogger.