کراچی: سی ٹی ڈی اور حساس ادارے کی مشترکہ کارروائی، فتنۃ الخوارج کا اہم دہشت گرد ہلاک
کراچی، یکم ستمبر 2026: محکمہ انسداد دہشت گردی سندھ (سی ٹی ڈی) اور وفاقی حساس ادارے نے کراچی میں ایک مشترکہ کارروائی کے دوران کالعدم تنظیم فتنۃ الخوارج (ٹی ٹی پی) کے ایک اہم کارندے کو ہلاک کر دیا ہے۔ پولیس اور حساس اداروں کی ٹیم جب کارروائی کے لیے پہنچی تو دہشت گرد نے فائرنگ کر دی۔ جوابی فائرنگ کے نتیجے میں شدید زخمی ہونے والا دہشت گرد بعد میں دم توڑ گیا۔
قانون نافذ کرنے والے اداروں نے ہلاک دہشت گرد کے قبضے سے 9 ایم ایم پستول برآمد کر لیا ہے۔ پولیس حکام کے مطابق برآمد شدہ اسلحے کی فرانزک جانچ مکمل کر لی گئی ہے، جس سے یہ بات ثابت ہوئی ہے کہ یہ پستول کراچی میں پولیس اہلکاروں پر حملوں اور دہشت گردی کے متعدد مقدمات میں استعمال ہو چکا تھا۔
ترجمان سی ٹی ڈی کے مطابق یہی 9 ایم ایم پستول پولیس اہلکار خادم کی شہادت، گزری کے علاقے میں پولیس موبائل پر فائرنگ اور سب انسپکٹر عرب خان پر فائرنگ کے واقعات میں استعمال ہوا۔ اس کے علاوہ یہ اسلحہ تھانہ گزری میں درج مقدمہ 510/2025، تھانہ منگھوپیر میں دو پولیس اہلکاروں پر حملے کے مقدمہ 226/2026 (جس میں ایک سپاہی شہید ہوا تھا) اور تھانہ منگھوپیر کے مقدمہ 386/2026 میں بھی استعمال ہوا تھا۔
سی ٹی ڈی حکام کا کہنا ہے کہ ہلاک ہونے والے دہشت گرد کے دیگر فرار ساتھیوں کی شناخت اور گرفتاری کے لیے خصوصی ٹیم تشکیل دے دی گئی ہے۔ معاملے کی مزید تفتیش اور قانونی کارروائی جاری ہے۔

Post a Comment