دادو میں دیرینہ دشمنی پر مسلح تصادم، 7 افراد جاں بحق، وزیراعلیٰ سندھ کا نوٹس
پولیس کے مطابق دونوں گروہوں کے درمیان فائرنگ کا واقعہ پیش آیا، جس کے بعد علاقے میں کشیدگی پھیل گئی۔ جاں بحق افراد کا تعلق دونوں فریقوں سے بتایا گیا ہے، جبکہ واقعے کے بعد پولیس کی بھاری نفری علاقے میں پہنچ گئی۔
پولیس کا کہنا ہے کہ دونوں گروہوں کے درمیان پہلے سے تنازع چلا آ رہا تھا، تاہم واقعے کی مکمل وجوہات اور فائرنگ کے محرکات کا تعین تحقیقات کے بعد ہی ہوسکے گا۔
واقعے کے بعد وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے گوٹھ دانو چانڈیو میں 7 افراد کے قتل کا نوٹس لیتے ہوئے قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر افسوس کا اظہار کیا اور جاں بحق افراد کے لواحقین سے دلی ہمدردی کی۔
وزیراعلیٰ سندھ نے آئی جی پولیس سے واقعے کی رپورٹ طلب کرتے ہوئے ملزمان کو فوری طور پر قانون کی گرفت میں لانے کی ہدایت کی۔
مراد علی شاہ نے کہا کہ کسی کو قانون ہاتھ میں لینے کی اجازت نہیں دی جا سکتی، واقعے میں ملوث عناصر کے خلاف بلاامتیاز کارروائی کی جائے اور مجرموں کو ہر صورت قانون کے کٹہرے میں لایا جائے۔
انہوں نے آئی جی سندھ کو واقعے کی فوری تحقیقات اور ملزمان کی گرفتاری کے لیے مؤثر اقدامات کرنے کی ہدایت بھی کی۔
وزیراعلیٰ نے متعلقہ حکام کو گوٹھ دانو چانڈیو میں امن و امان کی صورتحال پر کڑی نظر رکھنے اور دونوں فریقوں کے درمیان کشیدگی فوری ختم کرنے کے اقدامات کرنے کی ہدایت کی ہے۔
واضح رہے کہ واقعے میں ہلاکتوں کی تعداد کے حوالے سے مختلف ابتدائی رپورٹس سامنے آئی ہیں، تاہم وزیراعلیٰ سندھ کے جاری کردہ بیان میں 7 افراد کے قتل کا ذکر کیا گیا ہے۔ پولیس کی مزید تحقیقات کے بعد صورتحال مزید واضح ہونے کی توقع ہے۔

Post a Comment