زمبابوے کے خلاف ون ڈے سیریز: 15 رکنی پاکستانی ویمن اسکواڈ کا اعلان
پاکستان ویمن نیشنل سلیکشن کمیٹی نے زمبابوے کے خلاف آئندہ ماہ ہونے والی تین میچوں کی ون ڈے سیریز کے لیے 15 رکنی قومی ٹیم کا اعلان کر دیا ہے۔ یہ سیریز 4 مئی سے 9 مئی تک کراچی کے نیشنل بینک اسٹیڈیم میں کھیلی جائے گی۔ فاطمہ ثناء اس سیریز میں ٹیم کی قیادت کریں گی، جبکہ یہ ون ڈے سیریز آئی سی سی ویمنز چیمپئن شپ 2025-29 کا حصہ ہے۔
ون ڈے سیریز کے تمام میچز دوپہر ساڑھے تین بجے شروع ہوں گے۔ پہلا ون ڈے 4 مئی، دوسرا 6 مئی اور تیسرا 9 مئی کو کھیلا جائے گا۔ پاکستان اس وقت آئی سی سی ویمنز چیمپئن شپ میں دو پوائنٹس کے ساتھ پانچویں نمبر پر موجود ہے۔ جنوبی افریقہ کے خلاف حالیہ سیریز کے بعد پاکستان کے لیے یہ ہوم سیریز پوائنٹس ٹیبل پر اپنی پوزیشن بہتر کرنے کا بہترین موقع ہے۔
اسکواڈ میں ایک نیا چہرہ مومنہ ریاست کی صورت میں شامل کیا گیا ہے، جنہیں پہلی بار قومی ٹیم میں جگہ ملی ہے۔ دیگر کھلاڑیوں میں عالیہ ریاض، عائشہ ظفر، ڈیانا بیگ، گل فیروزہ، منیبہ علی، ناجیہ علوی، نشرہ سندھو، نتالیہ پرویز، رامین شمیم، صدف شمس، سدرہ امین، سیدہ عروب شاہ اور تسمیہ رباب شامل ہیں۔ ارم جاوید، ایمان فاطمہ، سائرہ جبین، طوبہ حسن اور عنبر کائنات کو ریزرو کھلاڑیوں کے طور پر رکھا گیا ہے۔
زمبابوے کی ویمن ٹیم اپنے پہلے تاریخی دورہ پاکستان کے لیے 29 اپریل کو کراچی پہنچے گی۔ دونوں ٹیمیں 30 اپریل سے 3 مئی تک نیشنل بینک اسٹیڈیم میں بھرپور ٹریننگ سیشنز کریں گی۔ ون ڈے سیریز کے اختتام کے بعد 12، 14 اور 15 مئی کو اسی اسٹیڈیم میں تین ٹی ٹوئنٹی میچز کھیلے جائیں گے، جن کے لیے اسکواڈ کا اعلان بعد میں کیا جائے گا۔ ٹی ٹوئنٹی میچز شام ساڑھے سات بجے شروع ہوں گے۔
پی سی بی نے اس سیریز کے لیے مضبوط کوچنگ اسٹاف کا تقرر کیا ہے، جس میں وہاب ریاض بطور ہیڈ کوچ اور مینٹور خدمات انجام دیں گے۔ ان کے ہمراہ عمران فرحت بیٹنگ کوچ اور عبدالرحمن اسپن بولنگ کوچ کے طور پر ٹیم کی رہنمائی کریں گے۔

Post a Comment