100 روپے سستا پٹرول کن افراد کو ملے گا؟ حکومت نے شرائط اور طریقہ کار واضح کر دیا
وفاقی حکومت کی جانب سے مہنگائی کے ستائے عوام کے لیے پٹرولیم سبسڈی کے حوالے سے اہم تفصیلات سامنے آگئی ہیں جن میں یہ واضح کیا گیا ہے کہ 100 روپے فی لیٹر سستا پٹرول کن مخصوص افراد کو فراہم کیا جائے گا۔
وزیر خزانہ محمد اورنگزیب کے اعلان کے بعد عوام میں یہ سوال گردش کر رہا تھا کہ اس رعایت کا اہل کون ہوگا، جس پر اب حکام نے پالیسی واضح کر دی ہے تاکہ مستحق افراد تک ریلیف پہنچ سکے۔
حکومتی فیصلے کے مطابق یہ رعایت صرف 70 سی سی موٹر سائیکل رکھنے والے شہریوں اور رکشہ ڈرائیوروں کے لیے مختص کی گئی ہے۔ وہ تمام افراد جن کے پاس 70 سی سی سے زائد طاقت کی موٹر سائیکلیں ہیں، وہ اس سستے پٹرول کی سہولت سے فائدہ نہیں اٹھا سکیں گے۔
اس کے علاوہ ایک اہم شرط یہ بھی رکھی گئی ہے کہ موٹر سائیکل یا رکشہ کا قانونی طور پر رجسٹرڈ ہونا لازمی ہے؛ غیر رجسٹرڈ یا وہ گاڑیاں جن کی رجسٹریشن ابھی مکمل نہیں ہوئی (اپلائیڈ فار رجسٹریشن)، وہ اس اسکیم کا حصہ نہیں بن سکیں گی۔
اس ریلیف پیکج کے تحت اہل افراد کو ماہانہ 20 لیٹر پٹرول پر 100 روپے فی لیٹر کی رعایت دی جائے گی، جو مجموعی طور پر مہینے کے 2 ہزار روپے بنتے ہیں۔ اس سسٹم کو چلانے کے لیے ایک موبائل ایپلیکیشن بھی تیار کی جا چکی ہے جس کے ذریعے پٹرول پمپس پر سبسڈی فراہم کی جائے گی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ آئندہ ہفتے سے اس منصوبے پر باقاعدہ عملدرآمد شروع کر دیا جائے گا جس کے بعد صرف اہل قرار دیے گئے موٹر سائیکل اور رکشہ مالکان ہی پٹرول پمپ سے سستا ایندھن حاصل کر سکیں گے۔

Post a Comment