پی ایس ایل کے بقیہ میچز میں تماشائیوں کی واپسی کے لیے وزیراعظم سے رابطہ کروں گا، چیئرمین پی سی بی محسن نقوی
پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے چیئرمین اور وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا ہے کہ کراچی کے شہریوں کی خواہش پر وہ پی ایس ایل کے بقیہ میچوں میں تماشائیوں کو اسٹیڈیم آنے کی اجازت دینے کے حوالے سے وزیراعظم شہباز شریف سے دوبارہ درخواست کریں گے۔ انہوں نے یہ بات منگل کے روز نیشنل بینک اسٹیڈیم کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔
چیئرمین پی سی بی نے واضح کیا کہ ملک میں جاری پی ایس ایل کا انعقاد ایک چیلنج تھا، لیکن ہم نے کرکٹ کو نہیں روکا۔ انہوں نے کہا کہ عالمی سطح پر تیل کے بحران اور دیگر حالات کو مدنظر رکھتے ہوئے کوئی درمیانی راستہ نکالنے کی کوشش کی جائے گی تاکہ کرکٹ کے مداح بھی خوش ہوں اور حفاظتی و معاشی پہلوؤں کا بھی خیال رکھا جا سکے۔
اسٹیڈیم کی تعمیرِ نو کے حوالے سے محسن نقوی کا کہنا تھا کہ اسٹیڈیم کی چھت اتارنے کے بعد اب پورے ڈھانچے کو جدید خطوط پر استوار کرنے کا منصوبہ ہے۔ انہوں نے بتایا کہ پی ایس ایل کے دوسرے مرحلے کے بعد اسٹیڈیم میں بڑی تبدیلیاں کی جائیں گی اور ہمارا ارادہ اسے نئے سرے سے تعمیر کرنے کا ہے تاکہ مستقبل میں تماشائیوں کو بہتر سہولیات میسر آ سکیں۔
ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ پی ایس ایل کی ٹیموں کے مالکان کو مالی نقصان سے بچانے کے لیے پی سی بی نے گیٹ منی کی ذمہ داری خود اٹھائی ہے، تاکہ فرنچائزز کو ریونیو ملتا رہے اور وہ مطمئن رہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ موجودہ حالات میں پی ایس ایل کا کامیاب انعقاد اور غیر ملکی کھلاڑیوں کی پاکستان آمد ہماری قانون نافذ کرنے والے اداروں اور انٹیلی جنس ایجنسیوں کی بڑی کامیابی ہے۔
مستقبل کے حوالے سے پوچھے گئے سوال پر انہوں نے فی الحال کسی بھی بین الاقوامی عہدے (آئی سی سی کی سربراہی) یا پی سی بی کی چیئرمین شپ چھوڑنے کی خبروں کی تردید کی اور کہا کہ ان کا تمام تر فوکس ابھی پاکستان میں کرکٹ کی بہتری پر ہے۔

Post a Comment