نوجوان بیٹسمین اذان اویس کی فرسٹ کلاس کرکٹ میں شاندار کارکردگی
پاکستان کے ابھرتے ہوئے نوجوان بیٹر اذان اویس کانیشنل کرکٹ اکیڈمی (این سی اے) میں جاری ریڈ بال کیمپ اور اپنی حالیہ فرسٹ کلاس کامیابیوں کے حوالے سے کہنا ہے کہ ریڈ بال کیمپ ان کے لیے سیکھنے کا بہترین موقع ثابت ہو رہا ہے جہاں انہیں بین الاقوامی کرکٹ کے تقاضوں اور فٹنس کی اہمیت کو سمجھنے میں مدد مل رہی ہے۔
اذان اویس نے بتایا کہ گزشتہ دو سال ان کے کیریئر کے لیے بہت اہم رہے ہیں۔ گزشتہ سال انہوں نے فرسٹ کلاس کرکٹ میں اپنا ڈیبیو کیا اور رواں سال ان کا دوسرا سیزن تھا۔ انہوں نے دونوں سیزن میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کیا اور ڈھیروں رنز بنائے۔ نوجوان بیٹر کے مطابق اس سیزن میں انہیں مختلف اور مشکل کنڈیشنز، جیسے اسپن اور فاسٹ ٹریکس پر کھیلنے کا تجربہ ملا جس سے ان کے کھیل میں نکھار آیا ہے۔
اپنی تربیت اور تکنیک کے بارے میں بات کرتے ہوئے اذان اویس نے کہا کہ وہ آف سیزن میں اپنی خامیوں کو دور کرنے کے لیے سخت محنت کرتے ہیں۔ انہوں نے جنوبی افریقہ کے خلاف ٹیسٹ سیریز سے قبل لگنے والے کیمپ اور موجودہ ریڈ بال کیمپ کو اپنی کارکردگی میں بہتری کی بڑی وجہ قرار دیا۔ ان کا کہنا ہے کہ فور ڈے (چار روزہ) کرکٹ میں صبر، مستقل مزاجی اور ذہنی مضبوطی سب سے زیادہ ضروری ہے کیونکہ اس فارمیٹ میں فٹنس کا امتحان ہوتا ہے۔
انگلینڈ کے دورے کا تذکرہ کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وہاں ڈیوکس بال اور مشکل کنڈیشنز میں کھیلنا ایک بڑا چیلنج تھا، تاہم وہاں اچھی کارکردگی دکھانے سے ان کے اعتماد میں اضافہ ہوا۔ اذان اویس نے سابق کپتان سرفراز احمد کی بھی تعریف کی اور کہا کہ سرفراز بھائی بہت دوستانہ طبیعت کے مالک ہیں اور انہوں نے کھلاڑیوں کو کھیل کے ذہنی پہلوؤں کے بارے میں مفید مشورے دیے ہیں۔
مستقبل کے حوالے سے اپنے عزم کا اظہار کرتے ہوئے اذان اویس نے کہا کہ ان کا حتمی ہدف پاکستان کی تینوں فارمیٹس میں نمائندگی کرنا ہے۔ تاہم، فی الحال ان کی پوری توجہ اپنی موجودہ فارم کو برقرار رکھنے اور جلد از جلد پاکستان کی ٹیسٹ ٹیم میں جگہ بنانے پر مرکوز ہے۔

Post a Comment