پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں تیزی کا طوفان، انڈیکس 1 لاکھ 55 ہزار کی حد عبور کر گیا
کراچی: پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں آج کاروبار کے دوران زبردست تیزی دیکھی گئی، جہاں سرمایہ کاروں کے اعتماد کی بدولت مارکیٹ نے نئی بلندیوں کو چھو لیا۔ کے ایس ای 100 انڈیکس (KSE100) 6,768 پوائنٹس کے غیر معمولی اضافے کے ساتھ 155,511 پر بند ہوا۔
کاروباری ہفتے کے دوران مارکیٹ میں شروع سے ہی مثبت رجحان رہا۔ کے ایس ای 100 انڈیکس ایک موقع پر 157,347 کی بلند ترین سطح تک بھی گیا، تاہم دن کے اختتام پر یہ 4.55 فیصد اضافے کے ساتھ بند ہوا۔ مارکیٹ میں تیزی کی وجہ سے سرمایہ کاروں کے اربوں روپے کا فائدہ ہوا اور مجموعی مالیت (مارکیٹ کیپٹلائزیشن) میں نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔
آج مارکیٹ میں مجموعی طور پر 67 کروڑ سے زائد شیئرز کا کاروبار ہوا جن کی مالیت 43 ارب روپے سے زیادہ رہی۔ سب سے زیادہ کام کے-الیکٹرک، بینک آف پنجاب اور سینرجیکو پی کے کے شیئرز میں ہوا۔ معاشی ماہرین کا کہنا ہے کہ مارکیٹ میں اس تیزی سے ظاہر ہوتا ہے کہ ملکی معیشت پر سرمایہ کاروں کا بھروسہ بڑھ رہا ہے، جو آنے والے دنوں میں مزید بہتری کی علامت ہے۔

Post a Comment