گل پلازہ آتشزدگی؛ وزیراعلیٰ سندھ کا جاں بحق افراد کے لواحقین کو فی کس ایک کروڑ روپے دینے کا فیصلہ



کراچی: وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے بدھ کے روز وزیراعلیٰ ہاؤس میں ایک اہم اجلاس کی صدارت کی، جس میں گل پلازہ آتشزدگی کے متاثرین کو معاوضے کی ادائیگی کی پیشرفت کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں صوبائی وزراء شرجیل میمن، ناصر حسین شاہ، میئر کراچی مرتضیٰ وہاب اور دیگر اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔ وزیراعلیٰ نے جاں بحق افراد کے لواحقین کے لیے 85 کروڑ روپے مختص کرتے ہوئے فی کس ایک کروڑ روپے امداد دینے کا حکم دیا۔


اجلاس میں بتایا گیا کہ اب تک 72 میں سے 61 متاثرہ خاندانوں کو ان کے گھروں پر چیک کے ذریعے معاوضہ ادا کر دیا گیا ہے۔ کمشنر کراچی نے رپورٹ پیش کرتے ہوئے بتایا کہ باقی کیسز کی تصدیق کا عمل جاری ہے کیونکہ چند معاملات نادرا اور بین الصوبائی تحقیقات کی وجہ سے رکے ہوئے ہیں۔ وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ تصدیقی عمل کو جلد از جلد مکمل کیا جائے تاکہ کوئی بھی حق دار محروم نہ رہے۔


متاثرہ دکانداروں کے لیے بھی 60 کروڑ روپے مختص کیے گئے ہیں، جس کے تحت ہر دکاندار کو 5 لاکھ روپے کی مالی امداد دی جائے گی۔ اب تک 843 دکانداروں کو کراچی چیمبر آف کامرس (KCCI) کے ذریعے ادائیگی کی جا چکی ہے۔ وزیراعلیٰ نے دکانوں کی تعداد میں فرق کا نوٹس لیتے ہوئے حتمی فہرست تیار کرنے اور تمام مستحقین کو شفاف طریقے سے ادائیگی یقینی بنانے کی ہدایت کی۔


وزیراعلیٰ سندھ نے سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی (SBCA) کو ہدایت کی کہ گل پلازہ کی دوبارہ تعمیر کا تفصیلی منصوبہ پیش کیا جائے۔ انہوں نے کمشنر کراچی کو حکم دیا کہ عدالتی کمیشن کو اعتماد میں لے کر متاثرہ عمارت گرانے اور نئی تعمیر شروع کرنے کے اقدامات کیے جائیں۔ مراد علی شاہ نے عزم ظاہر کیا کہ حکومت متاثرہ خاندانوں اور تاجروں کو ہر ممکن ریلیف فراہم کرے گی اور انصاف کے تقاضے پورے کیے جائیں گے۔

کوئی تبصرے نہیں

تقویت یافتہ بذریعہ Blogger.