کراچی میں تجاوزات اور غیر محفوظ گیس سلنڈرز کے خلاف بڑے پیمانے پر کریک ڈاؤن، سینکڑوں دکانیں سیل اور گرفتاریاں
کراچی انتظامیہ نے شہر میں ٹریفک کی روانی میں رکاوٹ بننے والی روڈ سائیڈ تجاوزات، پیشہ ور گداگروں اور غیر محفوظ گیس سلنڈرز کی فروخت کے خلاف مہم تیز کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
کمشنر کراچی سید حسن نقوی کی زیر صدارت منعقدہ ایک اہم اجلاس میں تمام ڈپٹی کمشنرز اور اسسٹنٹ کمشنرز نے شرکت کی، جس میں شہری مسائل کے حل اور عوامی مفاد میں سخت اقدامات کرنے کی منظوری دی گئی۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ گزشتہ ایک ماہ کے دوران غیر محفوظ گیس سلنڈرز کی فروخت پر 345 دکانیں سیل کی گئیں، 28 لاکھ روپے جرمانہ عائد کیا گیا اور اس سلسلے میں 3 افراد کو گرفتار بھی کیا گیا۔
تجاوزات کے خلاف کارروائی کی تفصیلات بتاتے ہوئے اسسٹنٹ کمشنر ہیڈ کوارٹرز رابعہ سید نے رپورٹ پیش کی کہ ایک ماہ میں 212 مقامات سے تجاوزات کا خاتمہ کیا گیا۔ رپورٹ کے مطابق ضلع جنوبی میں سب سے زیادہ 121، ضلع ملیر میں 21، ضلع غربی میں 44، ضلع کورنگی میں 13، ضلع کیماڑی میں 6، ضلع وسطی میں 4 اور ضلع شرقی میں 3 تجاوزات ہٹائی گئیں۔
ضلع جنوبی کے علاقوں میر کرم علی تالپور روڈ، مینسفیلڈ اسٹریٹ، تانگہ اسٹینڈ صدر، برنس روڈ، شو مارکیٹ، ایوان صنعت و تجارت روڈ، باتھ آئی لینڈ، کھوڑی گارڈن، لی مارکیٹ اور آرام باغ میں بڑے پیمانے پر آپریشن کیا گیا۔
کمشنر کراچی سید حسن نقوی نے بعض علاقوں میں دوبارہ تجاوزات قائم ہونے پر سخت برہمی کا اظہار کیا اور ہدایت کی کہ دوبارہ تجاوزات روکنے کے لیے جامع منصوبہ بندی کی جائے۔
انہوں نے واضح کیا کہ جو عناصر دوبارہ فٹ پاتھوں یا سڑکوں پر قبضہ کریں گے، ان پر بھاری جرمانے کے ساتھ ساتھ گرفتاریاں بھی عمل میں لائی جائیں گی۔ اس موقع پر صدر کی اہم شاہراہ میر کرم علی تالپور روڈ کو ٹریفک کے لیے دوبارہ کھولنے کا بڑا فیصلہ بھی کیا گیا۔
یہ سڑک ایک مجوزہ منصوبے کی وجہ سے بند تھی، جس پر عملدرآمد نہ ہونے سے شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا تھا۔ اب اس شاہراہ کو فوری طور پر ٹریفک کے لیے بحال کرنے کے اقدامات شروع کر دیے گئے ہیں۔

Post a Comment