کراچی: ایف آئی اے کی حیدرآباد میں کارروائی، انسانی اسمگلنگ میں ملوث اہم ملزم گرفتار

FIA Karachi arrested suspect Hazik Haroon Memon from Hyderabad for human trafficking

فیڈرل انویسٹی گیشن ایجنسی (ایف آئی اے) کراچی زون نے ایک بڑی کارروائی کرتے ہوئے انسانی اسمگلنگ کے منظم نیٹ ورک میں ملوث اہم مفرور ملزم کو حیدرآباد سے گرفتار کر لیا ہے۔

 ترجمان ایف آئی اے کے مطابق یہ کارروائی ڈائریکٹر کراچی زون کی خصوصی ہدایات پر اینٹی ہیومن ٹریفکنگ سرکل (AHTC) کراچی نے انجام دی، جس کے دوران لڑکیوں کو بیرون ملک بھیج کر ان کا استحصال کرنے والے گروہ کا پردہ چاک کیا گیا ہے۔

ایف آئی اے حکام کو مصدقہ اطلاع ملی تھی کہ ایف آئی آر نمبر 118/2026 میں مطلوب مفرور ملزم حازق ہارون میمن حیدرآباد میں موجود ہے۔ اس اطلاع پر ٹیم نے حیدرآباد کے علاقے سٹیزن کالونی میں ایک رہائش گاہ پر چھاپہ مارا اور ملزم کو حراست میں لے لیا۔

 ابتدائی تحقیقات کے مطابق ملزم ایک منظم نیٹ ورک چلا رہا تھا جو معصوم لڑکیوں کو دبئی میں ورک ویزا اور ملازمت کا جھانسہ دے کر وہاں لے جاتا اور پھر ان کا مختلف طریقوں سے استحصال کیا جاتا تھا۔

ایف آئی اے کے ترجمان نے مزید بتایا کہ ملزم حازق ہارون میمن کو گرفتار کرنے کے بعد عدالت میں پیش کیا گیا جہاں سے اس کا دو روزہ جسمانی ریمانڈ حاصل کر لیا گیا ہے۔ دورانِ تفتیش ملزم سے نیٹ ورک کے دیگر کارندوں کے بارے میں اہم معلومات ملنے کی توقع ہے۔ 

حکام کا کہنا ہے کہ اس گروہ میں شامل دیگر افراد کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں اور بہت جلد پورے نیٹ ورک کا خاتمہ کر دیا جائے گا۔

کوئی تبصرے نہیں

تقویت یافتہ بذریعہ Blogger.