رضوان، افتخار اور نواز کی واپسی


سری لنکا کے خلاف ون ڈے سیریز کے لیے قومی کرکٹ کے سولہ رکنی اسکواڈ  کا اعلان کردیا گیا۔  سرفراز احمد کپتان اور بابر اعظم نائب کپتان ہوں گے۔ عابد علی، افتخار احمد، محمد رضوان، محمد نواز اور عثمان خان شنواری کی ٹیم میں واپسی ہوئی ہے۔ 

چیف سلیکٹر مصباح الحق نے  ہوم سیریز کے لیے ٹیم کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ افتخار احمد نےقومی ون ڈے ٹورنامنٹ میں شاندار کارکردگی سے ٹیم میں جگہ بنائی، وہ پانچویں بولر کی کمی بھی پوری کرسکتے ہیں جبکہ فیلڈنگ بھی اچھی کرلیتے ہیں۔ محمد رضوان نے آسٹریلیا کے خلاف ون ڈے سیریز میں دو سنچریاں بنائیں، وہ مستقبل کے پلان کا حصہ ہیں، وہ سرفراز احمد کے متبادل نہیں بلکہ چوتھے نمبر پر بیٹنگ کے لیے مضبوط امیدوار ہیں، شعیب ملک اور محمد حفیظ کی غیرموجودگی میں افتخار احمد اور محمد رضوان کی اہمیت بڑھ گئی ہے۔  حسن علی کمر درد اور شاہین شاہ شنواری ڈینگی بخار کی وجہ سے ٹیم میں جگہ نہ بناسکے۔

  سولہ رکنی اسکواڈ میں سرفراز احمد کپتان، بابر اعظم نائب کپتان،  عابد علی، فخرزمان، امام الحق، حارث سہیل، افتخار احمد، آصف علی، عماد وسیم، شاداب خان، محمد رضوان، محمد نواز، وہاب ریاض، محمد عامر، عثمان شنواری اور محمد حسنین شامل ہیں۔ قومی ٹی ٹوئنٹی اسکواڈ کا اعلان سری لنکا کے خلاف ایک روزہ سیریز کے دوران کیا جائے گا۔

دوسری جانب آئی سی سی نےپاکستان اور سری لنکا کے درمیان سیریز کے لیے ڈیوڈبون کومیچ ریفری مقررکردیا، آئی سی سی ایلیٹ پینل میں شامل مائیکل گف، جول ولسن اورعلیم ڈارامپائرنگ کےفرائض انجام دیں گے، آئی سی سی انٹرنیشنل پینل میں شامل احسن رضا، شوزب رضا اورآصف یعقوب بھی سیریزمیں ذمہ داریاں نبھائیں گے۔  تین ایک روزہ میچوں کی سیریز کا پہلا میچ ستائیس ستمبر کو کراچی میں کھیلاجائے گا۔ میچ کے لیے ٹکٹوں کی فرخت جاری ہے، شائقین ایک شناختی کارڈ پر پانچ ٹکٹ حاصل کرسکتے ہیں۔

کوئی تبصرے نہیں

تقویت یافتہ بذریعہ Blogger.