پیپلز پارٹی کے بانی چیئرمین ذوالفقار علی بھٹو کی 40ویں برسی منائی گئی


Zulfiqar Ali Bhutto's 40th anniversary

پیپلز پارٹی کے بانی چیئرمین ذوالفقار علی بھٹو کی جمعرات کو 40 ویں برسی عقیدت اور احترام سے منائی گئی۔

ذوالفقار علی بھٹو کی چالیسویں برسی پر گڑھی خدا بخش میں مرکزی تقریب منعقد کی گئی جس میں شرکت کے لئے ملک بھر سے پیپلزپارٹی کے جیالے گڑھی خدا بخش پہنچے۔

ذوالفقار علی بھٹو کو 4 اپریل 1979ء کو راولپنڈی کی اڈیالہ جیل میں سپریم کورٹ کے حکم کے تحت پھانسی دی گئی تھی، ذوالفقار علی بھٹو پر نواب محمد احمد خان قصوری کے قتل میں مدد کا الزام تھا۔ تاہم اسے بعدازاں سیاسی قتل قرار دیا گیا۔

روٹی، کپڑا اور مکان کے نعرے کے ساتھ 1967ء میں تشکیل دی گئی پیپلز پارٹی اپنے بانی قائد کے بعد 3 بار اقتدار میں آئی۔ جس میں دو مرتبہ شہید بے نظیر بھٹو وزیراعظم بنیں لیکن دونوں بار ان کی حکومتیں مدت پوری نہ کر پائیں البتہ پی پی پی نے ملکی تاریخ کا پہلا دور اقتدار آصف علی زرداری کی صدارت میں مکمل کیا۔

البتہ اس دوران بھی وزیراعظم اپنی مدت پوری نہ کرسکے اور مجموعی پانچ سالہ مدت میں یوسف رضا گیلانی اور راجہ پرویز اشرف یکےبعد دیگرے وزرائے اعظم بنے۔

شہید ذوالفقار علی بھٹو کی برسی کے موقع پر نوڈیرو ہاؤس میں پیپلز پارٹی کی مرکزی مجلس عاملہ کا اجلاس چیئرمین بلاول بھٹو زرداری اور آصف علی زرداری کی صدارت میں ہوا۔اجلاس میں  شہید ذوالفقار علی بھٹو کو خراج عقیدت پیش کیا گیا۔

کوئی تبصرے نہیں

تقویت یافتہ بذریعہ Blogger.