وفاقی کابینہ کی ملک بھر میں ایک لاکھ 35 ہزار اپارٹمنٹس کی تعمیر کی منظوری


Fawad Chaudhry giving briefing to media about federal cabinet decisions

وزیراطلاعات فواد چوہدری نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان کی صدارت میں وفاقی کابینہ کے اجلاس میں ملک بھر میں نیا پاکستان ہاؤسنگ اتھارٹی کے تحت ایک لاکھ پینتیس ہزار اپارٹمنٹس کی تعمیر کی منظوری دی گئی۔

انہوں نے منگل کی سہ پہر اسلام آباد میں صحافیوں کو بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ کابینہ نے نیا پاکستان ہاؤسنگ اتھارٹی کے قیام کی منظوری دے دی۔ انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت کے ملازمین کیلئے اسلام آباد میں پچیس ہزار اپارٹمنٹس تعمیر کئے جائیں گے اور وزیراعظم اس ماہ کی سترہ تاریخ کو اس اسکیم کا افتتاح کریں گے۔

انہوں نے کہا بلوچستان میں گوادر کے ماہی گیروں کیلئے ایک لاکھ دس ہزار گھر بنائے جائیں گی۔ فواد چوہدری نے کہا کہ وزیراعظم نے گیس اور بجلی کی چوری میں ملوث افراد کے خلاف کارروائی کا حکم دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ موثر اقدامات کے باعث چالیس ارب روپے کی بجلی چوری کو بچایا گیا ہے۔

فواد چوہدری نے کہا کہ گزشتہ تین سال میں تین ارب روپے کی گیس چوری کی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ 43 فیصد گیس چوری کی جارہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ضلع کرک سے 93 فیصد اور بلوچستان سے 48 فیصد گیس کسی حساب میں نہیں ہے۔ فواد چوہدری نے کہا کہ مسلم لیگ نون کے رہنما شیخ روحیل اصغر کا گیس بل بارہ ہزار روپے سے بڑھ کر ایک کروڑ روپے ہوگیا ہے جس سے بڑے پیمانے پر گیس کی چوری کا پتہ چلتا ہے۔

وزیر اطلاعات نے کہا کہ بابا گرونانک کے نام پر ننکانہ صاحب میں ایک ریلوے سٹیشن قائم کیا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کابینہ نے تمام سرکاری محکموں کو ہدایت کی ہے کہ وہ سرکاری رابطوں کیلئے پاکستان پوسٹ کا استعمال کریں۔فواد چوہدری نے کہا کہ جرمنی سے نوکروڑ چالیس لاکھ روپے گرانٹ کے حصول کی منظوری دی گئی جو فیصل آباد میں پینے کے پانی کی فراہمی پر خرچ کی جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ کابینہ نے پی ٹی وی ، انفارمیشن اور ریڈیو کی اکیڈمیوں کو ختم کرکے میڈیا یونیورسٹی کے قیام کی بھی منظوری دی جس کا ہیڈکوارٹر اسلام آباد میں ہوگا۔

فواد چوہدری نے صحافیوں کو بتایا کہ وزیرخزانہ اسد عمر بین الاقوامی مالیاتی فنڈ کے ساتھ معاہدے کا جائزہ لینے امریکہ جا رہے ہیں جس پر جلد ہی دستخطوں کا امکان ہے۔

انہوں نے کہا کہ اثاثے ظاہر کرنے کی سکیم اسد عمر کی واشنگٹن سے واپسی پر ان کے مشورے کے ساتھ شروع کی جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ اجلاس میں متروکہ وقف املاک بورڈ کی تنظیم نو کی بھی منظوری دی گئی ۔

وزیر اطلاعات نے کہا کہ ایک نجی فضائی کمپنی میسرز ایئر ایگل کو ایک سال کیلئے لائسنس کی منظوری دی گئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ اس بات کی منظوری دی گئی کہ بیت المال جگر اور گردے کے امراض سمیت مہلک امراض کے علاج کیلئے مالی مدد فراہم کرے گا۔

فواد چوہدری نے کہا بدعنوانی اور احتساب کے بارے میں پاکستان تحریک انصاف کی حکومت کا نکتہ نظر بہت واضح ہے کہ پاکستان کی دولت لوٹنے والوں سے قطعاً کوئی رعایت نہیں برتی جائے گی۔

1 تبصرہ:

  1. وزیراطلاعات فواد چوہدری نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان کی صدارت میں وفاقی کابینہ کے اجلاس میں ملک بھر میں نیا پاکستان ہاؤسنگ اتھارٹی کے تحت ایک لاکھ پینتیس ہزار اپارٹمنٹس کی تعمیر کی منظوری دی گئی۔
    Housing scheme

    جواب دیںحذف کریں

تقویت یافتہ بذریعہ Blogger.