اٹھارہویں ترمیم ختم کرنے کی کوشش کی تو لات مار کر حکومت گرادوں گا، بلاول


Bilawal Bhutto Zardari addressing public meeting at Naudero

پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے وزیراعظم عمران خان کواٹھارہویں ترمیم ختم کرنے کی کوشش سے باز رہنے کی تنبیہ کرتے ہوئے دھمکی دی ہے کہ اٹھارہویں ترمیم ختم کرنے کی کوشش کی تو میں ایک لات مار کر آپ کی حکومت ختم کردوں گا۔

بلاول بھٹو زرداری نے یہ دھمکی نوڈیرو میں ذوالفقار علی بھٹو کی چالیسویں برسی کے موقع پر تعزیتی جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے دی۔ انہوں نے کہا بے نامی وزیر اعظم کو یہ سمجھ نہیں آتا کہ اٹھارہویں ترمیم سے ہم نے صوبوں کو مضبوط کیا، کوئی انہیں سمجھائے کہ معیشت چندے، حکومت چابی اور ملک جادو سے نہیں چلتا ، یہ کس قسم کا بزدل سیلیکٹڈ وزیر اعظم ہے جو نہ مودی کے خلاف بات کرتا ہے اور نہ ہی کالعدم تنظیموں اور دہشتگردوں کے خلاف بات کرتا ہے مگر اپوزیشن کیلئے بڑا شیر بنا پھرتا ہے۔

بلاول نے کہا پیپلز پارٹی نے ہمیشہ عدالت سے انصاف کی امید رکھی حالانکہ ہمیں اکثر عدالت سے مایوسی ملی، انصاف اس وقت تک شروع نہیں ہوسکتا جب تک بھٹو کے عدالتی قتل کا انصاف نہیں مل جاتا۔

چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ آج کا دن سوال پوچھ رہا ہے کہ بھٹو کو کیوں قتل کیا گیاجو تاریخ سے سبق نہیں سیکھتے انہیں تاریخ سبق سکھاتی ہے۔

انہوں نے حکومت کو کڑی تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا نئے پاکستان بنانے والو ں پرانے پاکستان کی بنیادوں کو پہچانو ، جس نظام کی وجہ سے آج تم تکبر کی علامت بن چکے ہو اس نظام میں پیپلز پارٹی کا خون شامل ہے۔ پیپلز پارٹی نے جس آئین کے تحت یہ نظام تشکیل دیا ، اگر اس پر حملے کی کوشش کی گئی تو تمہارا حشر بھی ان آمروں جیسا ہوگا جنہوں نے عوامی غضب کو للکارنے کی کوشش کی۔

سلیکٹڈ وزیر اعظم بھٹو کا آئین ختم کرنے کی کوشش کر رہا ہے میرے گھوٹکی میں آکر کہتا ہے کہ اٹھارہویں ترمیم سے وفاق دیوالیہ ہوگیا ہے۔ لوگو ! اس کی اور اس کے ارد گرد کے لوگوں کی شکلیں پہچانو، یہ وہ لوگ ہیں جو آپ کے حقوق پر ڈاکا ڈالنا چاہتے ہیں۔

چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہا کہ اس بے نامی وزیر اعظم کو یہ تک معلوم نہیں کہ مضبوط صوبے ہی مضبوط وفاق کی علامت ہیں ہم بھٹو کا آئین ختم نہیں ہونے دیں گے اور اس ملک کو ون یونٹ نہیں بننے دیں گے، تم کوشش کرو لیکن ہم تمہارے سامنے دیوار کی طرح کھڑے ہوجائیں گے۔خان گھوٹکی آکر سندھ کا نمک کھا کر کہتا ہے کہ اسے سندھ کی ضرورت نہیں ہے تم کون ہو کٹھ پتلی، سندھ کو تمہاری ضرورت نہیں، اسے سندھ نہیں سندھ کے وسائل چاہئیں، یہ سندھ کے 120 ارب روپے پر سانپ بن کر بیٹھا ہوا ہے۔اٹھارہویں ترمیم کے ذریعے ہم نے چاروں صوبوں کو مضبوط کیا لیکن اس بے نامی وزیر اعظم کو یہ بات سمجھ نہیں آتی۔

انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کی حکومت نے جھوٹ کے سوا کوئی کام ایمانداری سے نہیں کیا ، الیکشن سے پہلے دکھائے گئے سنہری خوابوں کے برعکس پی ٹی آئی حکومت اپنے ساتھ مہنگائی کا سونامی لے آئی ہے، پٹرول اور بجلی کی قیمتیں بڑھادی ہیں، دواؤں کی قیمتیں بھی بڑھادی ہیں، یعنی صحت کا انصاف کہتا ہے کہ اگر آپ غریب ہیں اور بیمار ہوجاتے ہیں تو بہتر ہے کہ آپ مر جائیں، کہاں گئے آپ کے 50 لاکھ گھر اور کہاں گیا آپ کا ایک کروڑ نوکریوںکا وعدہ؟ 

1 تبصرہ:

  1. پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے وزیراعظم عمران خان کواٹھارہویں ترمیم ختم کرنے کی کوشش سے باز رہنے کی تنبیہ کرتے ہوئے دھمکی دی ہے کہ اٹھارہویں ترمیم ختم کرنے کی کوشش کی تو میں ایک لات مار کر آپ کی حکومت ختم کردوں گا۔
    PPP

    جواب دیںحذف کریں

تقویت یافتہ بذریعہ Blogger.