حارث سہیل کی سنچری رائیگاں، پہلا ون ڈے آسٹریلیا جیت گیا

 

پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان پانچ میچوں کی سیریز کا پہلا میچ آسٹریلیا کے نام رہا۔ شارجہ میں پاکستان کے قائم مقام کپتان شعیب ملک نے ٹاس جیت کر پہلے خود بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔ گرین شرٹس نے پہلے کھیلتے ہوئے پانچ وکٹوں پر دو سو اسی رنز بنائے۔قومی ٹیم کی جانب سے امام الحق اور شان مسعود نے اننگز کا آغاز کیا لیکن نویں اوور میں پاکستان کو پہلا نقصان اس وقت ہوا جب امام الحق ناتھن لیون کی گیند پر ان ہی کے ہاتھوں سترہ رنز پر کیچ آؤٹ ہوگئے۔

پاکستان کے دوسرے آؤٹ ہونے والے کھلاڑی شان مسعود تھے جو چالیس رنز بنا کر کولٹر نائل کی گیند پر بولڈ ہوئے۔کپتان شعیب ملک  گیارہ  رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔ حارث سہیل ناقابل شکست  ایک سو ایک  رنز بناکر نمایاں رہے، یہ ان کی پہلی ون ڈے سنچری ہے، عمر اکمل اڑتالیس ، فہیم اشرف اور عماد وسیم نے اٹھائیس اٹھائیس رنز بنائے۔ آسٹریلیا کی جانب سے کولٹر نائل اور گلین میکس ویل  دو دو  کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

جواب میں آسٹریلوی اننگز کا آغاز عثمان خواجہ اور کپتان ایرون فنچ نے کیا۔ تریسٹھ کے مجموعی اسکور پر عثمان خواجہ  چوبیس  رنز بناکر فہیم اشرف کا شکار بن گئے۔ پاکستان کو دوسری وکٹ کے لیے طویل انتظار کرنا پڑا۔ آسٹریلیا کو دوسرا نقصان دو سو پینتیس کے مجموعی اسکور پر ہوا جب کپتان ایرون فنچ ایک سو سولہ رنز بناکر پویلین لوٹے، انہیں محمد عباس نے آؤٹ کیا۔

 دوسری وکٹ پر ایرون فنچ اور شان مارش کے درمیان ایک سو بہتر رنز کی شراکت داری قائم ہوئی جس نے آسٹریلیا کی جیت کی بنیاد رکھی۔شان مارش اکیانوے اور ہینڈز کامب تیس رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے اور آسٹریلیا نے 49 اوورز میں دو وکٹوں کے نقصان پر ہدف باآسانی حاصل کرلیا۔

 پاکستان کی جانب سے فہیم اشرف اور محمد عباس ایک ایک وکٹ حاصل کرسکے۔آسٹریلوی کپتان ایرون فنچ کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔ پاکستان کی جانب سے محمد عباس اور شان مسعود نے ڈیبیو کیا۔

میچ شروع ہونے سے قبل کرائسٹ چرچ کی مساجد میں ہونے والے دہشت گرد حملے میں شہید اور زخمی ہونے والوں کی یاد میں ایک منٹ کی خاموشی بھی اختیار کی گئی۔

1 تبصرہ:

  1. پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان پانچ میچوں کی سیریز کا پہلا میچ آسٹریلیا کے نام رہا۔ شارجہ میں پاکستان کے قائم مقام کپتان شعیب ملک نے ٹاس جیت کر پہلے خود بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔ گرین شرٹس نے پہلے کھیلتے ہوئے پانچ وکٹوں پر دو سو اسی رنز بنائے۔قومی ٹیم کی جانب سے امام الحق اور شان مسعود نے اننگز کا آغاز کیا لیکن نویں اوور میں پاکستان کو پہلا نقصان اس وقت ہوا جب امام الحق ناتھن لیون کی گیند پر ان ہی کے ہاتھوں سترہ رنز پر کیچ آؤٹ ہوگئے۔
    cricket

    جواب دیںحذف کریں

تقویت یافتہ بذریعہ Blogger.