یوم یکجہتی کشمیر آج منایا جارہا ہے

Solidarity day with people of Indian held Kashmir

یوم یکجہتی کشمیر آج منایا جارہا ہے جس کا مقصد پاکستانی قوم کی طرف سے اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق خودارادیت کے ناقابل تنسیخ حق کے حصول کی جدوجہد میں کشمیری عوام کے ساتھ مکمل حمایت کا اظہار کرنا ہے۔ آج ملک بھر میں عام تعطیل ہے۔

اس موقع پر صدر عارف علوی مظفر آباد میں آزاد جموں و کشمیر قانون سازاسمبلی کے اجلاس سے خطاب کریں گے۔ وہ شام کو وفاقی دارالحکومت میں بھی ایک تقریب سے خطاب کریں گے۔

پاکستان اور آزاد کشمیر کو ملانے والے کوہالہ، منگلا، ہولاڑ اورآزاد پتن کے مقامات پر انسانی ہاتھوں کی زنجیر بنائی جائے گی۔ وفاقی دارالحکومت میں معاشرے کے مختلف طبقوں سے تعلق رکھنے والے افراد مظلوم کشمیری بھائیوں سے اظہار یکجہتی کیلئے ڈی چوک پر انسانی ہاتھوں کی زنجیر بنائیں گے۔

مقبوضہ کشمیر کی جدوجہد آزادی کے شہدا کو خراج عقیدت پیش کرنے کیلئے صبح دس بجے ایک منٹ کی خاموشی اختیار کی جائے گی۔

آزاد کشمیر سمیت ملک بھر میں ریلیاں نکالی جائیں گی جلوسوں اور سیمیناروں کا انعقاد کیا جائے گا جس کا مقصد عالمی برادری کی توجہ بے گناہ کشمیریوں پر بھارتی فوج کے مظالم اورانسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کی طرف مبذول کرانا ہے۔

آج کے دن کی نسبت ریڈیو پاکستان کا خبروں و حالات حاضرہ کا چینل طویل دورانیے کی خصوصی نشریات پیش کرے گا، خصوصی نشریات میں مسئلہ کشمیر کے مختلف پہلووں پر تبادلہ خیال کیا جائے گا جبکہ کشمیری نغمے پروموز ،براہ راست رپورٹیں اورممتاز شخصیات کیانٹرویوز بھی چلائے جائیں گے۔

کوئی تبصرے نہیں

تقویت یافتہ بذریعہ Blogger.