پاک فضائیہ نے ملکی فضائی حدود کی خلاف ورزی پر 2 بھارتی طیارے مار گرائے




آئی ایس پی آر کے ڈائریکٹر جنرل میجر جنرل آصف غفور نے کہا ہے کہ پاک فضائیہ نے پاکستان کی فضائی حدود میں دو بھارتی لڑاکا طیارے مار گرائے ہیں۔ 

انہوں نے بدھ کو میڈیا بریفنگ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاک فضائیہ نے آج صبح مقبوضہ کشمیر میں کنٹرول لائن کے پار سے چھ اہداف کا پیچھا کیا۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے چھ اہداف کا انتخاب کیا اور اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کرنے کیلئے محفوظ فاصلہ رکھتے ہوئے صرف ان کے قریبی علاقوں کو نشانہ بنایا۔


انہوں نے کہا کہ یہ کارروائی خالصتاً اپنے دفاع میں کی گئی اور اس کے کوئی جارحانہ عزائم نہیں تھے۔ میجر جنرل آصف غفور نے کہا کہ اہداف کے انتخاب کے بعد بھارتی فضائیہ کے دو لڑاکا طیارے کنٹرول لائن کی خلاف ورزی کرتے ہوئے پاکستانی حدود میں داخل ہوئے۔

انہوں نے کہا کہ پاک فضائیہ نے ان کا پیچھا کرکے دونوں کو مار گرایا ان میں سے ایک طیارے کا ملبہ ہماری حدود میں جبکہ دوسرے کا مقبوضہ کشمیر میں گرا۔

ڈی جی آئی ایس پی آر نے پاکستان کا ایف 16طیارہ گرانے کا بھارتی دعوی مسترد کرتے ہوئے کہا کہ اس کارروائی میں ایف سولہ طیارے استعمال نہیں کئے گئے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان نے بھارت پر واضح کردیاہے کہ وہ کسی بھی جارحیت کا بھرپور جواب دے گا تاہم کشیدگی بڑھانے سے اجتناب  کیا جائے اور  ضبط و تحمل کا مظاہرہ کیا جائے گا۔

میجر جنرل آصف غفور نے کہا کہ افواج پاکستان اور پاک فضائیہ کے پاس گزشتہ روز کی بھارتی جارحیت کا جواب دینے کے سوا کوئی چارہ نہ تھا۔ انہوں نے کہا کہ ہمارا مقصد بھارت پر یہ واضح کرنا تھا کہ پاکستان ہر طرح کی کارروائی کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے لیکن ہم علاقائی امن کو خطرے میں نہیں ڈالنا چاہتے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان ایک امن پسند ملک ہے اور جنگ نہیں چاہتا۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے ہمیشہ بھارت کو امن کا پیغام دیا ہے جو مذاکرات کے ذریعے ہی ممکن ہے۔

میجر جنرل آصف غفور نے کہا کہ ہمارے وزیراعظم نے پہلے ہی واضح کیا تھا کہ جنگ شروع کرنا آسان لیکن اسے ختم کرنا مشکل ہے اور ہم کشیدگی بڑھانا نہیں چاہتے اور امن کا راستہ اختیار کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ عالمی برادری کی بھی یہ ذمہ داری ہے کہ وہ اپنا کردار ادا کرے کیونکہ جنگ سے دونوں ملکوں اور خطے کا ناقابل تلافی نقصان ہوگا۔

میجر جنرل آصف غفور نے کہا کہ دونوں ملکوں کے عوام اور خطے کو امن کی ضرورت ہے۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ اگر ہم پر جارحیت مسلط کی گئی تو یقینا اس کا جواب دیا جائے گا۔

1 تبصرہ:

  1. آئی ایس پی آر کے ڈائریکٹر جنرل میجر جنرل آصف غفور نے کہا ہے کہ پاک فضائیہ نے پاکستان کی فضائی حدود میں دو بھارتی لڑاکا طیارے مار گرائے ہیں۔
    PAF

    جواب دیںحذف کریں

تقویت یافتہ بذریعہ Blogger.