اشتہارات ڈیجیٹل میڈیا کو منتقل ہورہے ہیں، فیس بک کو ملک میں دفتر کھولنے کی دعوت دی ہے، فواد چوہدری

We offer Facebook to open its office in Pakistan; Fawad Chaudhry

وزیراطلاعات فواد چوہدری نے اشتہارات کے کاروبار میں سرمایہ کاری کے لئے فیس بک کو پاکستان میں اپنا دفتر کھولنے کی دعوت دی ہے۔

وہ بدھ کی سہ پہر اسلام آباد میں ڈیجیٹل میڈیا کی اہمیت کے بارے میں ایک تقریب سے خطاب کررہے تھے۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان نے حکومت کے ایک تہائی اشتہارات ڈیجیٹل میڈیا کیلئے مختص کئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان میں سات ارب روپے مالیت کے اشتہارات دیئے جارہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اشتہارات کے پلیٹ فارمز روایتی میڈیا سے ڈیجیٹل میڈیا کو منتقل ہورہے ہیں۔ وزیراطلاعات نے کہا کہ ذرائع ابلاغ کی صنعت بحران کا شکار ہے لیکن اس کا تعلق ٹیکنالوجی سے ہے۔

وفاقی وزیر نے ذرائع ابلاغ کی صنعت پر زور دیا کہ وہ روایتی میڈیا پر ڈیجیٹل میڈیا کے اثرات کا پتہ لگانے کیلئے تحقیق شروع کرے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت نے ایسوسی ایٹڈ پریس آف پاکستان کو ڈیجیٹل سروس آف پاکستان میں بدلنے کا فیصلہ کیا ہے۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ حکومت ویب ، ٹی وی ، سوشل میڈیا اوردیگر ذرائع ابلاغ کو منظم بنانے کیلئے ایک حکمت عملی ترتیب دے رہی ہے۔

بعدازاں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ پنجاب کے سینئر وزیر عبدالعلیم خان کی طرف سے نیب کی حراست میں جانے سے قبل اپنا استعفی جمع کرانا پاکستان تحریک انصاف اور ملک کی دیگر سیاسی جماعتوں میں فرق ظاہر کرتا ہے ۔

وفاقی وزیر نے کہاکہ اس سے یہ بے بنیاد تاثر زائل ہوجائے گا کہ نیب حکومت کے خلاف کارروائی نہیں کررہی ۔ انہوں نے کہاکہ حکومت ملک میں بلاتفریق احتساب کی مکمل حمایت کرتی ہے اور اس سلسلے میں تمام ریاستی اداروں کی مدد کرے گی۔

کوئی تبصرے نہیں

تقویت یافتہ بذریعہ Blogger.