جھوٹ کے پاؤں نہیں ہوتے، ہمارا ردعمل سرپرائز ہوگا، ترجمان پاک فوج


ترجمان پاک فوج میجر جنرل آصف غفور نے بھارت کے جھوٹے دعوؤں کی قلعی کھول دی۔ پریس بریفنگ میں میجر جنرل آصف غفور نے بتایا کہ بھارتی طیاروں نے لائن آف کنٹرول کی خلاف ورزی کرتے ہوئے ایک غیر آباد جگہ بم گرائے اور چلے گئے۔  بھارت کے اس دعوے میں کوئی حقیقت نہیں کہ وہاں پر کیمپ تھا اور ساڑھے تین سو دہشت گرد مارے گئے۔ ترجمان پاک فوج کا کہنا تھا کہ بھارتی طیارے خیبرپختونخوا کے علاقے بالاکوٹ تک آئے تھے ان کا مقصد اپنے عوام اور میڈیا کو یہ دکھانا تھا کہ انہوں نے سرجیکل اسٹرائیک کیا ۔

  انہوں نے بھارت کا یہ دعویٰ بھی مسترد کردیا کہ انڈین ائیرفورس کے طیارے انیس منٹ تک پاکستانی حدود میں کارروائی کرتے رہے، بھارت انیس منٹ تک تو رک کر دکھائیں۔  ڈی جی آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ بھارت نے حملہ کیا ہی نہیں تو پاکستان کیا جواب دیتا۔  ہاں پاکستان اس دراندازی کا جواب ردعمل دے گا اور بھرپور دے گا ، پاکستانی ردعمل بھارت کے لیے سرپرائز ثابت ہوگا ہم اپنی مرضی کی تاریخ اور مرضی کی جگہ پر جواب دیں گے، ہمارا ردعمل سفارتی بھی ہوگا سیاسی محاذ پر بھی اور فوجی ردعمل بھی جائے گا۔

  میجرجنرل آصف غفور کا کہنا تھا کہ پاکستان ایک جمہوری ملک ہے ،سیاسی اور عسکری قیادت باہمی مشاورت کے بعد فیصلہ کرے گا کہ ردعمل کس طرز کا ہونا چاہئے۔  واضح رہے کہ بھارتی طیاروں نے پیر اور منگل کی درمیانی رات لائن آف کنٹرول کی خلاف ورزی کرتے ہوئے پاکستانی حدود میں آئے تھے، پاک فضائیہ کی جانب سے فوری ردعمل کے بعد بھارتی طیارے غیرآباد علاقے میں بم گراکر بھاگ گئے تھے۔ بھارتی میڈیا نے دعویٰ کیا ہے کہ انڈین ائیرفورس نے ساڑھے تین سو دہشتگردوں کو ہلاک کردیا ہے۔ 

کوئی تبصرے نہیں

تقویت یافتہ بذریعہ Blogger.