چین کی امداد کے قواعد و ضوابط کے لئے امور جلد طے کیے جائیں گے، فواد چوہدری

Prime Minister Imran Khan taking federal cabinet into confidence about his China's trip - File Photo

پاکستان کیلئے چین کی امداد کے قواعدوضوابط کوحتمی شکل دینے کیلئے تکنیکی امور جلد طے کئے جائیں گے ۔

یہ بات پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر صحافیوں کو بریفنگ دیتے ہوئے اطلاعات ونشریات کے وفاقی وزیر فواد چوہدری نے بتائی۔ انہوں نے کہا  کہ وزیراعظم عمران خان نے جمعرات کو اسلام آباد میں وفاقی کابینہ کو چین کے اپنے کامیاب دورے پراعتماد میں لیا ۔

انہوں نے بتایا کہ کابینہ نے کہا ہے کہ اس دورے سے پاکستان کو ادائیگیوں میں توازن پیداکرنے کے معاملے کو موثر طورپر حل کرنے میں مدد ملے گی۔ 

وفاقی وزیر نے کہاکہ وزیرخزانہ اسد عمر بھی آئی ایم ایف سے ایک اور مالیاتی پیکج کے حصول کیلئے ادارے سے رابطے میں ہیں تاکہ مالیاتی بحران کوحل کیاجاسکے۔

انہوں نے کہاکہ کابینہ نے متروکہ وقف املاک بورڈ کی تنظیم نو کی منظوری دی تاکہ اس کی کارکردگی بہت بہتر بنا کر اس کی املاک کو بہتر انداز میں بروئے کار لایاجاسکے۔ 

کابینہ نے پاکستان اور برطانیہ کے درمیان قیدیوں کے تبادلے کیلئے ایک معاہدے کی منظوری کے علاوہ احمد نواز سکھیرا کو سرمایہ کاری بورڈ  کا سیکرٹری مقررکرنے کی بھی منظوری دی۔

وفاقی وزیر نے کہاکہ کابینہ نے فیڈرل بورڈ آف ریونیو کی پالیسیاں وضع کرنے کیلئے ایک پالیسی بورڈ تشکیل دینے کی بھی منظوری دی ۔

کوئی تبصرے نہیں

تقویت یافتہ بذریعہ Blogger.